فلیش سمبلز کا تعارف

اس مضمون میں آپ کو فلیش سمبلز کے بنیادی  تصورسے متعارف کروایا جائیگا۔ ۔ ۔ یعنی فلیش سمبلز کی اقسام (گرافک، بٹن اور مووی کلپ) کی تخلیق اور ان کا استعمال۔ ۔ ۔

فلیش سمبل کیا ہے؟

فلیش کی زبان میں سمبل ایک ایسے اوبجیکٹ کو کہتے ہیں جسے ایک سے زائد بار استعمال کیا جا سکتا ہو۔سمبل کو نہ صرف ایک مووی میں بلکہ دوسری موویز میں بھی امپورٹ کیا جا سکتا ہے۔ فلیش سمبلز کی تین اقسام ہیں۔ گرافک ، بٹن اور مووی کلپ۔

سمبل کو جب ایک ہی مووی میں ایک سے زائد بار استعمال کیا جاتا ہے تو انھیں سمبلز کی انسٹینس( حوالہ) کہا جاتا ہے۔ایک ہی سمبل کے ہر انسٹینس کی خصوصیات (سائز اور فنکشن وغیرہ) مختلف ہو سکتی ہیں۔ فلیش میں جتنے بھی سمبلز بنائے جاتے ہیں، وہ تمام اُس فلیش مووی کی پروجیکٹ فائل کی لائبریری  میں محفوظ ہو جاتے ہیں۔جہاں سے ہم بوقتِ ضرورت ان سمبلز کے انسٹینس کو ڈریگ اینڈ ڈراپ کر کے اس مووی یا دیگر موویز میں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر ایک سمبل کی ایڈیٹنگ کی جاتی ہے تو اس مووی میں جہاں جہاں اس سمبل کی انسٹینس موجود ہوتی ہیں وہ خودبخود اپڈیٹ ہو جاتی ہیں۔ تاہم اس سمبل کو مدون کیے بغیر اگر ہم اس کی چند خصوصیات، ایفیکٹس اور ڈائمینشنز وغیرہ تبدیل کرنا چاہیں تو ایسا کیا جاسکتا ہے اور اس سے اصل سمبل پر بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔

فلیش سمبل کے استعمال کی اہمیت

فلیش سمبلز کا استعمال آپ کی فلیش موویز کے حجم یا سائز کو حیرت انگیز طور پر کافی کم کر سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فلیش فائل کے حجم کا دارومدار زیادہ تر اس فلیش مووی میں موجود تمام اقسام کے گرافکس اور ٹیکسٹ (متن) پر ہوتا ہے۔(ان میں سمبلز اور غیر سمبلز دونوں شامل ہیں )۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سمبلز کے استعمال کا سب سے بڑا فائدہ کیا ہے؟۔ ۔ ۔ اور وہ یہ ہے کہ فلیش مووی کو صرف ایک بار سمبل کی طرف ’’رجوع‘‘ کرنا پڑتا ہے، چاہے اس مووی میں وہ سمبل سو دفعہ بھی استعمال کیوں نہ کیا گیا ہو!۔ ۔ ۔ یہ خوبی فلیش کی سب سے بڑی طاقت ہے!۔ ۔ ۔ اور اسی وجہ سے سمبلز کا ’’بے دریغ‘‘ استعمال بھی آپ کی فلیش مووی کے حجم کو بالکل بھی بڑھنے نہیں دیتا!

اہم ہدایت:

 اپنے فلیش پروجیکٹ میں شروعات سے ہی سمبلز کے استعمال کو یقینی بنائیے اور ان سمبلز کا واضح اور آسان ’’نام‘‘ رکھیے۔ ۔ ۔ اگر پروجیکٹ کے شروع میں ہی آپ نے اس ہدایت پرعمل نہ کیا تو بعد میں یہ کام نہایت دُشوار گزار محسوس ہوگا!

سمبلز کی تین اقسام

گرافک سمبلز

ہر قسم کی ساکن اشکال جنھیں ایک سے زائد بار استعمال کیا جا سکتا ہواور جو اینی میشن کے دوران عموماًبطور ’’خام مال‘‘ استعمال کی جاتی ہوں انھیں فلیش میں ’’گرافک سمبلز ‘‘کہتے ہیں۔
ان میں ہر قسم کی ویکٹر اشکال ،ٹیکسٹ (متن)، تصاویریا ان سب کے مجموعے شامل ہیں۔یہاں تک کہ ایک سمبل کے ’’اندر‘‘ بھی کئی گرافک سمبلز یکجا کیے جا سکتے ہیں!۔ ۔ ۔

بٹن سمبلز

 بٹن سمبلز کو ٹائم لائن میں ’’گھومنے پھرنے‘‘ یانیوی گیشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ان کی مدد سے فلیش مووی میں انٹر ایکٹووٹی پیدا ہوتی ہے جو ماؤس کی مدد سے کلک کرنے، کی بورڈ میں مختلف بٹن دبانے اور دوسرے ایکشنز کے عمل میں لانے سے پیدا ہوتی ہے۔ بٹن سمبل کی چار مختلف حالتیں ہوتی ہیں جنھیں اپنی منشا کے مطابق بنایا جا سکتا ہے۔ یہ حالتیں
 Up  /  Over  / Down  /  Hit
کہلاتیں ہیں۔ چنانچہ بٹن سمبل کے ٹائم لائن میں صرف چار فریمز ہوتے ہیں۔چاروں حالتوں کے الگ الگ۔ جبکہ ایک فریم کو کلک کرنے کے ’’مقام‘‘ کے تعین
 Hit Area
کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

مووی کلپ سمبلز 

مووی کلپ سمبلز کو فلیش مووی کے اندر چھوٹی چھوٹی مکمل اور آزاد ’’موویز‘‘ یا اینی میشنز کہا جا سکتا ہے۔ کیونکہ یہ خود بھی کئی گرافک سمبلز اور بٹن سمبلزکا مجموعہ ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا اپنا ’’ذاتی‘‘ اور ’’آزاد‘‘ ٹائم لائن ہوتا ہے جو بذات خود بے شمار لیئرز اور فریمز پر مشتمل ہوسکتا ہے۔ تاہم یہ اصل ٹائم لائن کی ’’محتاجی‘‘ کے بغیر بالکل آزاد کام کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اصل ٹائم لائن میں چاہے ایک فریم ہی کیوں نہ ہو، مووی کلپ سمبل میں موجود اینی میشن بالکل آزادی سے مکمل پلے ہوگی اور اس وقت تک چلتی رہے گی، جب تک اسے ایکشن اسکرپٹ کی مدد سے روکا نہ جائے گا!۔ ۔ ۔ مووی کلپ سمبل میں سب سے بہترین خوبی یہ ہوتی ہے کہ آپ انھیں ایکشن اسکرپٹ کی مدد سے کنٹرول بھی کر سکتے ہیں!۔ ۔ ۔ آپ ان کی بہت سی خصوصیات تبدیل کر سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کے بہروپ یا ڈپلیکیٹ بھی نکالے جاسکتے ہیں۔اور جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے، ’’ اس سے اصل سمبل پر بھی کوئی فرق نہیں پڑتا"۔۔۔۔

اوپر کی تصویر میں فلیش کے تینوں اقسام کے فلیش سمبلز کو لائبریری اور اسٹیج میں دکھایا گیا ہے ۔

یہ تو تھا فلیش سمبلزکا ایک مختصر تعارف ۔ ۔ ۔ امید ہے آپ کو ضرور پسند آیا ہوگا۔ اب آپ کو یقینا اندازہ ہوگیا ہوگا کہ فلیش پروجیکٹ میں شروعات سے ہی سمبلز کا استعمال کس قدر ضروری ہے۔۔

<<< پچھلا صفحہ اگلا صفحہ >>>

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


اپنی قیمتی رائے سے آگاہ کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

کچھ میرے بارے میں

Powered by Blogger.