November 2012

فلیش میں ڈریگ اینڈ ڈراپ گیم بنائیں!

اس ٹیوٹوریل میں ہم فلیش میں بچوں کا پسندیدہ شیپ میچنگ گیم بنانا سیکھیں گے جسے فلیش کی زبان میں ڈریگ اینڈ ڈراپ کہتے ہیں۔

پری ویو کا اسکرین شاٹ

اس ٹیوٹوریل کو پی ڈی ایف فارمیٹ میں کنورٹ کر کے اپلوڈ کر دیا گیا ہے۔ آپ اس ٹیوٹوریل کو نیچے دیے گئے ربط پر کلک کر کے گوگل ڈوکس میں دیکھ سکتے ہیں۔
 

فلیش میں یونی کوڈ کا استعمال(متحرک ٹیوٹوریل)

فلیش میں یونی کوڈ کا استعمال ممکن ہے۔ فلیش بعض زبانوں کے یونی کوڈ فونٹس کو تو بہت اچھی طرح سپورٹ کرتا ہے مگر میرے تجربے میں اردو فونٹ کو زیادہ بہتر سپورٹ نہیں کرپایا۔ بہرحال اُمید ہے کہ مستقبل قریب میں یہ یونی کوڈ کو مکمل سپورٹ کرنے کے قابل ہو جائے۔ اس ٹیوٹوریل میں آپ یونی کوڈ کو فلیش میں استعمال کرنا سیکھیں گے۔ اس کا حجم تھوڑا سا زیادہ (تقریباََ 2 میگا بائٹ )ہے، مگرمجھے یقین ہے کہ آپ اسے مکمل اور انشاءاللہ بہت مفید پائیں گے!۔۔۔ ۔اسکرین شاٹس کی مدد سے انشاءاللہ آپ کو بھرپور سمجھ آ جائی گی!۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔آپ کی آراء کا انتظار رہے گا۔۔۔


فلیش سمبلز کا تعارف

اس مضمون میں آپ کو فلیش سمبلز کے بنیادی  تصورسے متعارف کروایا جائیگا۔ ۔ ۔ یعنی فلیش سمبلز کی اقسام (گرافک، بٹن اور مووی کلپ) کی تخلیق اور ان کا استعمال۔ ۔ ۔

فلیش سمبل کیا ہے؟

فلیش کی زبان میں سمبل ایک ایسے اوبجیکٹ کو کہتے ہیں جسے ایک سے زائد بار استعمال کیا جا سکتا ہو۔سمبل کو نہ صرف ایک مووی میں بلکہ دوسری موویز میں بھی امپورٹ کیا جا سکتا ہے۔ فلیش سمبلز کی تین اقسام ہیں۔ گرافک ، بٹن اور مووی کلپ۔

سمبل کو جب ایک ہی مووی میں ایک سے زائد بار استعمال کیا جاتا ہے تو انھیں سمبلز کی انسٹینس( حوالہ) کہا جاتا ہے۔ایک ہی سمبل کے ہر انسٹینس کی خصوصیات (سائز اور فنکشن وغیرہ) مختلف ہو سکتی ہیں۔ فلیش میں جتنے بھی سمبلز بنائے جاتے ہیں، وہ تمام اُس فلیش مووی کی پروجیکٹ فائل کی لائبریری  میں محفوظ ہو جاتے ہیں۔جہاں سے ہم بوقتِ ضرورت ان سمبلز کے انسٹینس کو ڈریگ اینڈ ڈراپ کر کے اس مووی یا دیگر موویز میں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر ایک سمبل کی ایڈیٹنگ کی جاتی ہے تو اس مووی میں جہاں جہاں اس سمبل کی انسٹینس موجود ہوتی ہیں وہ خودبخود اپڈیٹ ہو جاتی ہیں۔ تاہم اس سمبل کو مدون کیے بغیر اگر ہم اس کی چند خصوصیات، ایفیکٹس اور ڈائمینشنز وغیرہ تبدیل کرنا چاہیں تو ایسا کیا جاسکتا ہے اور اس سے اصل سمبل پر بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔

فلیش سمبل کے استعمال کی اہمیت

فلیش سمبلز کا استعمال آپ کی فلیش موویز کے حجم یا سائز کو حیرت انگیز طور پر کافی کم کر سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فلیش فائل کے حجم کا دارومدار زیادہ تر اس فلیش مووی میں موجود تمام اقسام کے گرافکس اور ٹیکسٹ (متن) پر ہوتا ہے۔(ان میں سمبلز اور غیر سمبلز دونوں شامل ہیں )۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سمبلز کے استعمال کا سب سے بڑا فائدہ کیا ہے؟۔ ۔ ۔ اور وہ یہ ہے کہ فلیش مووی کو صرف ایک بار سمبل کی طرف ’’رجوع‘‘ کرنا پڑتا ہے، چاہے اس مووی میں وہ سمبل سو دفعہ بھی استعمال کیوں نہ کیا گیا ہو!۔ ۔ ۔ یہ خوبی فلیش کی سب سے بڑی طاقت ہے!۔ ۔ ۔ اور اسی وجہ سے سمبلز کا ’’بے دریغ‘‘ استعمال بھی آپ کی فلیش مووی کے حجم کو بالکل بھی بڑھنے نہیں دیتا!

اہم ہدایت:

 اپنے فلیش پروجیکٹ میں شروعات سے ہی سمبلز کے استعمال کو یقینی بنائیے اور ان سمبلز کا واضح اور آسان ’’نام‘‘ رکھیے۔ ۔ ۔ اگر پروجیکٹ کے شروع میں ہی آپ نے اس ہدایت پرعمل نہ کیا تو بعد میں یہ کام نہایت دُشوار گزار محسوس ہوگا!

سمبلز کی تین اقسام

گرافک سمبلز

ہر قسم کی ساکن اشکال جنھیں ایک سے زائد بار استعمال کیا جا سکتا ہواور جو اینی میشن کے دوران عموماًبطور ’’خام مال‘‘ استعمال کی جاتی ہوں انھیں فلیش میں ’’گرافک سمبلز ‘‘کہتے ہیں۔
ان میں ہر قسم کی ویکٹر اشکال ،ٹیکسٹ (متن)، تصاویریا ان سب کے مجموعے شامل ہیں۔یہاں تک کہ ایک سمبل کے ’’اندر‘‘ بھی کئی گرافک سمبلز یکجا کیے جا سکتے ہیں!۔ ۔ ۔

بٹن سمبلز

 بٹن سمبلز کو ٹائم لائن میں ’’گھومنے پھرنے‘‘ یانیوی گیشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ان کی مدد سے فلیش مووی میں انٹر ایکٹووٹی پیدا ہوتی ہے جو ماؤس کی مدد سے کلک کرنے، کی بورڈ میں مختلف بٹن دبانے اور دوسرے ایکشنز کے عمل میں لانے سے پیدا ہوتی ہے۔ بٹن سمبل کی چار مختلف حالتیں ہوتی ہیں جنھیں اپنی منشا کے مطابق بنایا جا سکتا ہے۔ یہ حالتیں
 Up  /  Over  / Down  /  Hit
کہلاتیں ہیں۔ چنانچہ بٹن سمبل کے ٹائم لائن میں صرف چار فریمز ہوتے ہیں۔چاروں حالتوں کے الگ الگ۔ جبکہ ایک فریم کو کلک کرنے کے ’’مقام‘‘ کے تعین
 Hit Area
کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

مووی کلپ سمبلز 

مووی کلپ سمبلز کو فلیش مووی کے اندر چھوٹی چھوٹی مکمل اور آزاد ’’موویز‘‘ یا اینی میشنز کہا جا سکتا ہے۔ کیونکہ یہ خود بھی کئی گرافک سمبلز اور بٹن سمبلزکا مجموعہ ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا اپنا ’’ذاتی‘‘ اور ’’آزاد‘‘ ٹائم لائن ہوتا ہے جو بذات خود بے شمار لیئرز اور فریمز پر مشتمل ہوسکتا ہے۔ تاہم یہ اصل ٹائم لائن کی ’’محتاجی‘‘ کے بغیر بالکل آزاد کام کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اصل ٹائم لائن میں چاہے ایک فریم ہی کیوں نہ ہو، مووی کلپ سمبل میں موجود اینی میشن بالکل آزادی سے مکمل پلے ہوگی اور اس وقت تک چلتی رہے گی، جب تک اسے ایکشن اسکرپٹ کی مدد سے روکا نہ جائے گا!۔ ۔ ۔ مووی کلپ سمبل میں سب سے بہترین خوبی یہ ہوتی ہے کہ آپ انھیں ایکشن اسکرپٹ کی مدد سے کنٹرول بھی کر سکتے ہیں!۔ ۔ ۔ آپ ان کی بہت سی خصوصیات تبدیل کر سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کے بہروپ یا ڈپلیکیٹ بھی نکالے جاسکتے ہیں۔اور جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے، ’’ اس سے اصل سمبل پر بھی کوئی فرق نہیں پڑتا"۔۔۔۔

اوپر کی تصویر میں فلیش کے تینوں اقسام کے فلیش سمبلز کو لائبریری اور اسٹیج میں دکھایا گیا ہے ۔

یہ تو تھا فلیش سمبلزکا ایک مختصر تعارف ۔ ۔ ۔ امید ہے آپ کو ضرور پسند آیا ہوگا۔ اب آپ کو یقینا اندازہ ہوگیا ہوگا کہ فلیش پروجیکٹ میں شروعات سے ہی سمبلز کا استعمال کس قدر ضروری ہے۔۔

فلیش میں اُلٹی گنتی گننے والا ٹائمر بنانا


اس ٹیوٹوریل میں آپ ایڈوبی فلیش میں اُلٹی گنتی گننے والا ٹائمربنانا سیکھیں گے۔یہ ٹائمر آپ کی مطلوبہ تاریخ کو دنوں، گھنٹوں ، منٹوں اور سیکنڈوں کے حساب سے ظاہر کرے گا یعنی آپ کی مطلوبہ تاریخ میں کتنے دن، گھنٹے، منٹس اور سیکنڈز باقی ہیں؟اس ٹیوٹوریل میں 14 اگست  اُلٹی گنتی کے لئے ہمارا ٹارگٹ ہے۔



اس ٹیوٹوریل کو پی ڈی ایف فارمیٹ میں کنورٹ کر کے اپلوڈ کر دیا گیا ہے۔ آپ اس ٹیوٹوریل اور اس کی پروجیکٹ فائل کو یہاں سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں!

بغیر کسی خوف یا ہچکچاہٹ کے مکمل فلیش ویب سائٹس بنائیں!

ورلڈ وائڈ ویب میں فلیش کی آمد سے ہی یہ’’مفت‘‘ مشورہ دیا جاتا رہا ہے کہ اگر آپ اپنی ویب سائٹ کو سرچ انجن کے نتائج میں عمدہ مقام پر دیکھنا چاہتے ہیں تو کبھی بھی مکمل فلیش ویب سائٹ نہ بنائیں یا فلیش کا استعمال کم سے کم رکھیں۔ اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ فلیش مووی SWF کو درست طریقے سے انڈیکس (فہرست بنانے) کرنے کی صلاحیت فالحال سرچ انجنز نہیں رکھتے۔لیکن ٹھہریے۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔! اب ایسا نہیں رہا!


فلیش کی موجودہ مالکن ’’ایڈوبی‘‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ گوگل اور یاھو کے ساتھ مل کر ایک ایسی ٹیکنالوجی کو منظر عام پر لارہی ہے جس کی بدولت اس مسئلے کا مناسب حل نکالا جا سکے گا۔ ایڈوبی نے ان دونوں سرچ انجنز کو ایسی ٹیکنالوجی فراہم کی ہے جس کی مدد سے سرچ انجنز فلیش فائل کو بھی اینڈیکس کر سکیں گے۔ سننے میں آیا ہے کہ گوگل نے تو اس ٹیکنالوجی پر کسی حد تک عمل درآمد کرنا شروع بھی کر دیا ہے اور یاھو کے لئے بھی ایسا کرنا ناگزیر ہوگا!


فالحال سرچ انجنز فلیش مووی میں موجود ساکن ٹیکسٹ یا روابط ہی اینڈیکس کر سکتے ہیں مگر ایڈوبی کو یقین ہے کہ جلد ہی فلیش مووی میں موجود ڈائنیمک مواد (جس میں ایکشن اسکرپٹ استعمال کی گئی ہو!)کو بھی انڈیکس کیا جا سکے گا۔ جس کے بعد فلیش استعمال کرنے والوں کے لئے مکمل فلیش بیسڈ ویب سائٹ بنانا ’’گھاٹے‘‘ کا سودا نہیں رہے گا کیونکہ اب ان کی مکمل فلیش بیسڈ ویب سائٹ بھی سرچ انجن میں اونچا مقام حاصل کر سکے گی!!

قابل تلاش فلیش فائلیں

(سورس: ماہنامہ کمپیوٹنگ)

انٹرنیٹ سرچ انجنز کے بغیر یقینا ادھورا ہے۔ گوگل اور یاہو! آپ کی مطلوبہ معلومات سیکنڈز میں لاکر آپ کو پیش کردیتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود یہ بات انوکھی ہی ہے کہ اب بھی معلومات کی ایک بڑی تعداد ان سرچ انجنز کی رسائی میں نہیں ہے یا پھر اسے سرچ ریزلٹس میں دکھانا ممکن نہیں۔ یہ معلومات فلیش کی فائلوں میں موجود ہے جنھیں پڑھنا سرچ انجنز کے لئے ممکن نہیں اور نہ ہی وہ انہیں سرچ ریزلٹس میں دکھا پاتے ہیں۔ تاہم اب شاید یہ خرابی بھی دور ہوجائے کیونکہ ایڈوب نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ان سرچ انجنز کو ایک خاص فلیش اینی میشن پلیئر فراہم کیا ہے جو فلیش اینی میشن میں موجود متن اور روابط کو پڑھ سکتا ہے۔ اس سے پہلے ویب ڈیویلپرز کو ظاہری طور پر خوبصورت یا پھر سرچ انجنز میں اچھے رینک کی حامل ویب سائٹ ، ان دونوں میں سے کسی ایک خوبی کو چننا ہوتا تھا۔ لیکن اب یہ دونوں خوبیاں ایک ساتھ استعمال کی جاسکتی ہیں۔ ایڈوب کے سینئر پروڈکٹ منیجر برائے فلیش پلیئر کے مطابق یہ نیا سافٹ ویئر فلیش فائلز کو انڈیکس کرسکتا ہے لیکن انہیں چلا (Play) نہیں سکتا۔ انٹرنیٹ صارفین کو اس نئے سافٹ ویئر کو ڈاﺅن لوڈ کرنے کی ضرورت نہیںاور نہ ہی فلیش اینی میشن بنانے والوں کو اپنے طریقہ کار میں کسی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ لیکن اینڈ یوزر اب انٹرنیٹ پر تلاش سے بہتر نتائج حاصل کرسکے گا۔ ممکن ہے جو چیزآپ کو ضرورت ہو وہ کسی شاک ویو فائل (SWF) فائل میں محفوظ ہو۔ اب آپ اسے ڈھونڈ سکتے ہیں۔

اس وقت گوگل نے تقریباً 71 ملین فلیش فائلز کو انڈیکس کررکھا ہے۔ ایڈوب کے نئے سافٹ ویئر کے اجراءسے پہلے بھی سرچ انجنز فلیش فائلز سے ساکن متن اور روابط الگ کرسکتے تھے۔ لیکن کسی فلیش میں بنی ویب سائٹ پر کوئی متن کس ویب پیج پر ہے، یہ جاننا سرچ انجنز کے لئے ممکن نہیں تھا۔ اسی وجہ سے سرچ انجنز فلیش اینی میشن میں موجود متن کی اہمیت کا اندازہ نہیں کرسکتے۔ نیز، سرچ انجن حرکت پذیر متن کی شناخت بھی نہیں کرسکتے تھے۔

ایڈوب نے گوگل اور یاہو! کو جو نئی فلیش پلیئر ٹیکنالوجی فراہم کی ہے وہ موجودہ اسپائیڈرز جو ویب پیجز کو انڈیکس کرتے ہیں، کے ساتھ کام کرسکتی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی اسپائیڈرز کو فلیش اینی میشن لوڈ کرنے اور اس میں موجود تمام متن اور روابط کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ کسی بٹن یا ٹیب پر کلک کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔ یاد رہے کہ ایڈوب کے ان اقدامات میں مائیکروسافٹ شامل نہیں جس نے فلیش کے مقابلے میں اپنی ٹیکنالوجی سلو لائٹ متعارف کروائی تھی۔

اردو زبان میں فلیش کے ویڈیو ٹیوٹوریلز

یوٹیوب گردی کے دوران میکرومیڈیا فلیش ایم ایکس کے چند زبردست اردو ٹیوٹوریلز کا معلوم ہوا۔ نہایت عمدہ کوالٹی کی ویڈیوز اور صاف آواز میں یہ ٹیوٹوریلز تیار کیے گئے ہیں ۔ میرا خیال ہے کہ یہ ایک لرننگ سی ڈی کی ویڈیوز ہیں۔ چونکہ ایم ایکس ورژن اب کافی پرانا ہوگیا ہے تو ٹیوٹوریلز کے خالق نے سوچا ہوگا کہ اب انھیں انٹرنیٹ پر مفت مہیا کر دینا چاہیئے۔ ;)

فلیش ایم ایکس کے بنیادی ٹولز کا استعمال اور فلیش کے بنیادی فنگشنز نہایت عام فہم زبان میں ویڈیوز کی صورت میں ان ٹیوٹوریلز کو پیش کیا گیا ہے۔ ان سے یقینا نو آموز فلیش یوزرز کو فائدہ ہوگا۔ آربٹ ڈاؤن لوڈر کی مدد سے یہ ٹیوٹوریلز ڈاؤن لوڈ بھی کیے جا سکتے ہیں۔ جن دوستوں کو انگزیزی زبان میں فلیش ویڈیو ٹیوٹوریلز سمجھنے میں دُشواری ہوتی ہے ان کے لئے یہ ٹیوٹوریلز کسی نعمت سے کم نہیں۔

کارٹون اسمارٹ کے مفت ویڈیو ٹیوٹوریلز

اگر آپ فلیش اینی میشنز پسند کرتے ہیں تو کارٹون اسمارٹ ڈاٹ کام کے نام سے ضرور واقف ہونگے۔ اگر نہیں ہیں تو آپ کو واقف ہونا چاہیئے!


کارٹون اسمارٹ اصل میں فلیش، السٹریٹر، ڈریم ویور، فلیکس، آفٹر ایفیکٹس وغیرہ کے ویڈیو ٹیوٹوریلز بنانے والا ادارہ ہے۔ اس کے ویڈیو ٹیوٹوریلز نہایت اعلیٰ اور پروجیکٹ بیسڈ ہوتے ہیں۔ خاص طور پر فلیش کے ٹیوٹوریلز تو لاجواب ہوتے ہیں۔ خوش قسمتی سے کارٹون اسمارٹ ڈاٹ کام آج کل اپنے چند نہایت ہی اعلیٰ اور مفید ٹیوٹوریلز مفت مہیا کر رہا ہے۔ اچھی ویڈیو کوالٹی کے یہ ٹیوٹوریلز فلیش میں کارٹون السٹریشن اور اینی میشن سیکھنے والوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ بے شک یہ انگریزی میں ہیں مگر چونکہ ویڈیو ٹیوٹوریلز ہیں ، اس لئے صرف دیکھ کر بھی بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیوز چونکہ ہائی کوالٹی میں Quick Time فارمیٹ میں مہیا کی گئیں ہیں، اس لئے حجم میں کافی زیادہ ہیں۔مگر تیز رفتار نیٹ سروس والوں کے لئے یہ کوئی مسئلہ نہیں۔ ویڈیوز چلانے کے لئے Apple Quick Time Player درکار ہو گا جو مفت ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

دیر مت کیجئے!!!۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔کہیں یہ ٹیوٹوریلز ہاتھ سے چلے نہ جائیں۔ ابھی کے ابھی اپنے کمپیوٹر پر اُتاریے اور فلیش میں کارٹون بنانا سیکھئے!

کارٹون اسمارٹ ٹیوٹوریلز یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں


فلیش میں اُردو امپورٹ کرنا (متحرک ٹیوٹوریل)


اس ٹیوٹوریل میں آپ ان پیج سے اُردو ٹیکسٹ کو فلیش میں درآمد کرنا سیکھیں گے۔ اسکرین شاٹس کی مدد سے انشاءاللہ آپ کو بھرپور سمجھ آ جائی گی!۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔آپ کی آراء کا انتظار رہے گا!


اس ٹیوٹوریل کو یہاں سے زپ فارمیٹ میں ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

فلیش کا بنیادی استعمال (متحرک ٹیوٹوریل)

اگر آپ فلیش کے بنیادی استعمال سے بھی ناواقف ہیں تو اس متحرک ٹیوٹوریل سے فلیش کے بنیادی استعمال سے آگاہی حاصل کریں۔

ایڈوبی فلیش....ایک تعارف

جوں جوں انٹرنیٹ کی دنیا خصوصاََ ورلڈ وائڈ ویب ترقّی یافتہ ہوتی جا رہی ہے، توں توں ساکت اور ساکن ویب سائٹس کی جگہ متحرک یا ڈائنامک ویب سائٹس منظرِعام پر آرہی ہیں جو نہ صرف ہلتی جھلتی ہیں بلکہ ناچتی اور گاتی بھی ہیں! ....اگر آپ ملٹی میڈیا سےبھرپور ویب سائٹس تخلیق کرنا چاہتےہیں،جن میں ویکٹر اوربٹمیپ دونوں اقسام کےگرافکس شامل ہوں،ایم پی تھری میوزک بھی موجود ہو، متحرک ایفیکٹس یا اینی میشنزبھی ہوں، فارمز کےذریعےاس میں انٹرایکٹوٹی کی بھی سہولت موجود ہو، یہاں تک کہ اس میں ویڈیو فائلز بھی شامل کی گئی ہوں تو.... ایڈوبی فلیش ایک ایسا زبردست اور ہرفن مولا سافٹ ویئر یا پروگرام ہےجو مندرجہ بالا تمام اُمور بخوبی اور احسن طریقےسےانجام دےسکتا ہے۔ اس مضمون میں ہم اس انتہائی مفید سافٹ ویئر کی اہم خصوصیات کےبارے میں جانیں گے۔

-:خصوصیات:-

ویکٹرگرافکس

 فلیش ایک ویکٹر بیسڈروگرام ہے۔ ویکٹرگرافکس کو تخلیق کرنےکےلیےکمپیوٹر کو کسی بھی آبجیکٹ کا سائز، شکل،رنگ،آئوٹ لائن اور اسکرین پر اس کی پوزیشن کو یاد رکھنےکےلیےریاضی کی مساوات کو پیشِ نظر رکھنا ہوتا ہے۔یہ گرافکس ریزولیشن کے مسئلہ سے آزاد ہوتےہیں ، جس کا مطلب یہ ہےکہ اگر ہم کسی ویکٹر گرافکس کوبڑا بھی کر لیں تواس سےاس کےسائز یا کوالٹی پر کوئی اثر نہیں پڑےگا۔

 فائل کا سائز نہایت کم

  اگر آپ فلیش پر نہایت پیچیدہ یا ملٹی میڈیا سےبھرپور کوئی تخلیق جیسےگیم، ویب سائٹ یا کوئی پریزینٹیشن بھی بنائیں ،پھر بھی اس کا سائز نہایت کم ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ آپ فلیش میں جس فائل پر کام کررہےہوتےہیں، یعنی پروجیکٹ فائل میں تمام عناصر جیسےگرافکس، سائونڈ فائلز، ویڈیوز وغیرہ اپنےاصل فائل سائز کےساتھ موجود ہوتےہیں مگر جب فلیش اُن کا آئوٹ پٹ یعنی فائنل فائل تخلیق کرتا ہےتو اس میں موجود تمام عناصر کو سکیڑیا چھوٹا کردیتا ہےاور ایم پی تھری ائلز، بٹ میپ گرافکس اور ویڈیوز کو کمپریس کردیتا ہے۔ اس کےعلاوہ اس تخلیق میں جو بھی عنصر ایک سےزیادہ بار استعمال ہوا ہوتا ہے،فلیش کو وہاں صرف اس کا حوالہ یا اد رکھنا پڑتا ہےجسےفلیش کی زبان میں سمبل کہتےہیں۔اس کےنتیجےمیں مجموعی فائنل فائل کا سائز حیرت انگیز طور پر نہایت کم ہوجاتا ہے۔
 

پوری فائل ایک ساتھ لوڈ

اگر بہت زیادہ ملٹی میڈیا عناصر کےاستعمال سےفائل کا سائز زیادہ بھی ہوجائےپھر بھی فکر کی کوئی بات نہیں!کیونکہ فلیش ہمیں اسٹریمنگ کی سہولت بھی دیتا ہے۔مثلاََ آپ نےفلیش میں بنی ویب سائٹس میں دیکھا ہوگا کہ سائٹ کےلوڈ ہونےسےپہلےلوڈنگ ۔۔۔جیسےالفاظ لکھےہوئےنظر آتےہیں جسےپری لوڈرکہتےہیں۔جیسےہی ویب سائٹ پوری لوڈ ہو جاتی ہے ۔یہ الفاظ غائب ہوجاتےہیں اور آپ اس کےبعد پوری ویب سائٹ بغیر کسی انتظار کےملاحظہ کر سکتےہیں۔اس سےآپ مزید انتظار کےجھنجھٹ سےبھی بچ جاتےہیں اور ویب سائٹ سےبھرپور لطف اندوز بھی ہوسکتےہیں۔

ویب برائوزرز کی جنگ کا خاتمہ

کئی ایچ ٹی ایم ایل کوڈز اور جاوا اسکرپٹس مختلف ویب برائوزرز میں مختلف برتاؤکرتےہیں۔ چنانچہ ویب ڈیویلپر کو اس بات کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہےکہ وہ جو ویب پیج تخلیق کر رہا ہےو ہ اوپیرا، فائرفاکس ، آئی ای اور کروم وغیرہ میں یکساں نظر آئی۔مگر ایسا کرنا کافی دشوار ہوتا ہے۔ مگر جب ہم فلیش میں ویب سائٹ تخلیق کرتےہیں تو ہمیں ایسی کوئی فکر نہیں ہوتی۔کیونکہ فلیش کا اپنا ایک علیحدہ اور منفرد اپلگ ان ہوتا ہےجو برائوزر کو خصوصی سہولیات مہیّا کرتا ہے۔ فلیش میں جو بھی اور جیسی بھی تخلیق کی جائےگی وہ ہر برائوزر ،خواہ وہ کسی بھی ورژن کا ہو،ایک سی یا یکساں نظر آئےگی۔

متحرک اور متاثر کن

فلیش کےذریعےہم اپنی مرضی اور پسند کےمطابق ڈیزائن ، بٹن اور آئیکون بنا سکتےہیں جو مائوس یا کی بورڈ کی حرکت سےمختلف خوبصورت اور متاثر کن ایفیکٹس سےناظرین کو اپنی گرفت میں لےلیتےہیں۔اس کےعلاوہ سائونڈ یا آواز کےاستعمال سےہم ناظرین کو تصویر کےساتھ ساتھ آواز کےذریعےایک بالکل منفرد اور دلچسپ تجربےسےروشناس کر اسکتےہیں۔ اور اب تو جدید فلیش ورژن میں ویڈیو امپورٹ کرنےکی سہولت بھی دی گئی ہےجس سےآئندہ برسوں میں ویب ایک طرح سےٹیلی ویژن کی صورت اختیار کر جائےگا۔

ہرفن مولا

 غرض فلیش ایک ایسا ہرفن مولا پروگرام ہےجو بےشمار اقسام کی تخلیقات کرنےمیں ہماری مدد کر سکتا ہے۔ فلیش فائلز کو ہم باآسانی ایچ ٹی ایم ایل میں استعمال کر سکتےہیں۔اس کا مطلب یہ ہےکہ ہمیں فلیش کو اپنےویب پیج میں شامل کرنےکےلیےکوئی خصوصی پروگرام یا کمپیوٹر کی زبان نہیں سیکھنی پڑےگی۔ جیسا کہ جاوا اسکرپٹ وغیرہ کو استعمال کرنےکےلیےہمیں انھیں سیکھنا پڑتا ہے۔اس کےعلاوہ آپ فلیش کا  جاوا اسکرپٹ اور سرور سائیڈ زبانوں سے رابطہ بھی کروا سکتےہیں۔

<<< پچھلا صفحہ

کچھ میرے بارے میں

Powered by Blogger.